سرکاری ملازمین دورانِ ڈیوٹی اور ذاتی زندگی میں ٹریفک قوانین کو یقینی بنائیں

چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن(ر) حمزہ ہمایوں کا وفاقی سرکاری افسران و ملازمین کے نام خصوصی پیغام

0

اسلام آباد (سید محمد یاسین ہاشمی) چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے تمام وفاقی سرکاری افسران و ملازمین، خواہ وہ کسی بھی ادارے یا محکمے سے وابستہ ہوں، کے نام خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران و ملازمین معاشرے کے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے ان پر عام شہریوں کے مقابلے میں زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔

سی ٹی او حمزہ ہمایوں نے زور دیا کہ سرکاری ملازمین دورانِ ڈیوٹی اور ذاتی زندگی میں ٹریفک قوانین کو یقینی بنائیں تاکہ عوام الناس کے لیے ایک مثبت مثال قائم ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے قوانین پر عمل درآمد کے لیے کوئی امتیازی سلوک روا نہیں رکھا اور خلاف ورزی کرنے والا چاہے عام شہری ہو یا سرکاری عہدیدار، اُس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

چیف ٹریفک آفیسر نے مزید کہا کہ افسران و ملازمین کو چاہیے کہ وہ گاڑی چلاتے وقت سیٹ بیلٹ کا استعمال کریں، ون وے یا ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی سے اجتناب کریں اور دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے باور کرایا کہ یہ اقدامات نہ صرف حادثات کی روک تھام میں مدد دیتے ہیں بلکہ ایک مہذب معاشرے کی پہچان بھی ہیں۔

کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے توقع ظاہر کی کہ وفاقی اداروں کے افسران و ملازمین عوام کے سامنے اپنی مثال قائم کریں گے اور شہریوں کو بھی ٹریفک قوانین کی پاسداری پر آمادہ کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.