انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں لائسنسنگ مہم شروع کی گئی تھی، جس کا مقصد درست ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ کرنا اور سڑکوں پر شہریوں کی سلامتی کو بہتر بنانا تھاتاکہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بناتے ہوئے حادثات میں نمایاں کمی لائی جائے،یہ مہم یکم ستمبر 2025 کو شروع کی گئی تھی اور بھرپور انداز میں جاری ہے، جس کے نتیجے میں لائسنس یافتہ ڈرائیورز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے اسلام آباد کے ٹریفک نظام میں مجموعی طور پر نظم وضبط اور سلامتی کو فروغ ملا ہے،مہم کے دوران اسلام آباد ٹریفک پولیس افسران و جوانوں نے سڑکوں پر دو ہزار سے زائد ڈرائیورز کی جانچ کی، لائسنس یافتہ ڈرائیورز کی شرح جو ابتدا میں 56 فیصد تھی، مہم کے دوران 76 فیصد تک پہنچی اور اب 80 فیصد ہو گئی ہے، جو اس بات کی مثبت علامت ہے کہ صرف مستند ڈرائیورز ہی سڑکوں پر موجود ہیں،مجموعی طور پر اس مہم کے تحت 1,40,000 سے زائد نئے ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے ہیں، جو لائسنس یافتہ ڈرائیورز کی تعداد میں 500 فیصد اضافے کی نمائندگی کرتے ہیں،چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے ذمہ دارانہ ڈرائیونگ عادات کے فروغ میں اس مہم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاہمارا ہدف لائسنس یافتہ ڈرائیورز کی شرح کو 90 فیصد تک لے جانا ہے، جیسا کہ ترقی یافتہ ممالک میں ہے، ہم اسلام آباد کو سڑکوں کی حفاظت کے لحاظ سے ایک مثالی شہر بنانے کے لئے پرعزم ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ یہ آئی جی اسلام آباد کی خصوصی ہدایت پر شروع کی گئی تھی تاکہ لائسنس یافتہ ڈرائیورز کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کیا جا سکے اور شاہراﺅں پر ٹریفک کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے، اس مہم نے پہلے ہی ٹریفک حادثات میں کمی لانے اور اسلام آباد میں ٹریفک آگاہی کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے،آئی جی اسلام آباد نے اسلام آباد ٹریفک پولیس افسران و جوانوں کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ درست لائسنسنگ سڑکوں کی حفاظت اور عوام کے تحفظ کا ایک بنیادی ستون ہے۔مزید برآں، آئی ٹی پی نے ایک جدید لائسنسنگ نظام متعارف کرایا ہے جس میں "ون ونڈو سروس”، ڈیجیٹل اپوائنٹمنٹس اور ٹچ اسکرین تھیوری ٹیسٹ شامل ہیں تاکہ نئے ڈرائیورز کی اہلیت کو یقینی بنایا جا سکے،جبکہ سڑکوں کی بہتری کے لئے مزید اقدامات بھی جاری ہیں،سی ٹی او اسلام آباد نے مزید کہا کہ یہ عمل درآمدی مہم وفاقی دارالحکومت میں جاری رہے گی تاکہ ٹریفک نظم و ضبط میں حاصل شدہ بہتری کو برقرار رکھا جا سکے۔اسلام آباد ٹریفک پولیس ٹریفک قوانین پر عمل درآمد، وی آئی پی کلچر کے خاتمے اور ذمہ دار ڈرائیونگ کے فروغ کے لئے پرعزم ہے، عوام کے تعاون سے اسلام آباد ٹریفک پولیس جلد ہی 90 فیصد لائسنس یافتہ ڈرائیورز کے ہدف کو حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ،جس سے اسلام آباد عالمی معیار کی ٹریفک قوانین کی پاسداری اور حادثات سے محفوظ شہروں میں شامل ہو جائے گا۔