الخدمت خواتین ٹرسٹ لاہور کے زیر اہتمام مستحق گھرانوں کی 30 بچیوں میں شادی جہیز باکس کی تقسیم کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے کی
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ثمینہ سعید نے الخدمت خواتین ٹرسٹ کی جانب سے شادی باکس پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ
الخدمت خواتین ٹرسٹ کا یہ عمل محض جہیز دینا نہیں بلکہ مستحق خاندانوں کے دکھ بانٹنے اور ان کی خوشیوں میں شریک ہونے کا عظیم جذبہ ہے۔
ہمارے معاشرے میں ایسے فلاحی اقدامات بے حد ضروری ہیں تاکہ غریب گھرانوں کی بچیوں کی باعزت شادی ممکن ہو سکے۔اس حوالے سے الخدمت خواتین ٹرسٹ کی خدمات کا بےمثال سلسلہ ہے جو تواتر سے یہ کام کر رہی ہے اور اس اقدام کے باعث اب تک ہزاروں یتیم و بے سہارا بچیاں اپنے گھروں کو آباد کر چکی ہیں
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام نے نہ صرف مالی بوجھ کم کیا ہے بلکہ سماجی سطح پر امید، تعاون اور خیر کے رجحان کو بھی مضبوط کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی و الخدمت جیسے ادارے معاشرے کی محروم طبقات کے لیے امید کا مرکز ہیں اور اس طرح کی عملی خدمت انسانیت کی بہترین مثال ہے۔
تقریب میں جنرل مینیجر الخدمت خواتین ٹرسٹ پاکستان، زرافشاں فرحین نے دلہن بننے والی بچیوں کے لیے خصوصی دعائیہ کلمات ادا کیے:
انہوں نے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان بچیوں کی ازدواجی زندگیاں خوشیوں، سکون اور محبت سے بھر دے۔”
ان کے گھروں میں برکت، ہم آہنگی اور خیر کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں۔ الخدمت خواتین ٹرسٹ اس طرح کے بے مثال فلاحی کاموں میں پیش پیش ہے اور الخدمت خواتین ٹرسٹ مخیر افراد کے تعاون سے کار خیر کا سلسلہ معاشرے کے دامن کو خیر و فلاح سے بھرنے میں مصروف عمل ہے
پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے الخدمت خواتین ٹرسٹ کے اس فلاحی اقدام کو معاشرے کے لیے امید کی کرن قرار دیا اور اس کے تسلسل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
أس تقریب میں وائس پریزیڈنٹ الخدمت خواتین ٹرسٹ لاہور صبا ثاقب، جنرل مینیجر الخدمت خواتین ٹرسٹ پاکستان زرافشاں فرحین، رقیہ جبیں، (سوشل ایکٹیوسٹ)، طلعت خان ,انچارج شادی باکس پروگرام و دیگر معززین بھی موجود تھیں#