حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کی ناظمہ قدسیہ ناموس نے کہا ہے کہ 16 دسمبر 1971ء کو سقوطِ ڈھاکہ اور 16 دسمبر 2014ء کو سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور پاکستان کی تاریخ کے ایسے المناک واقعات ہیں جنہیں قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ انہوں نے یہ بات یومِ سقوطِ ڈھاکہ اور سانحہ اے پی ایس کی مناسبت سے جاری اپنے خصوصی بیان میں کہی۔
قدسیہ ناموس نے کہا کہ سقوطِ ڈھاکہ اور سانحہ اے پی ایس کی تاریخ اور دشمن ایک ہی ہے، مگر افسوس کہ حکمران طبقہ ان سانحات سے آج تک سبق حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ سیاسی، لسانی اور مذہبی تعصبات نے ملک کی قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا ہے، جس کے باعث پاکستان کی سالمیت کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن نے پہلے بھی ملک پر وار کیا، تاہم اس نازک موقع پر قوم نے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اسی جذبے کو زندہ رکھا جائے اور قومی سطح پر یکجہتی کو فروغ دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی اور اسلامی نظام کا قیام ہی پاکستان کی خوشحالی، سلامتی اور استحکام کا واحد راستہ ہے۔ قوم کو ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے ایک مضبوط اور متحد پاکستان کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔#