اگست: جشنِ آزادی اور تاسیسِ جماعت اسلامی کا مہینہ قرار، جماعت اسلامی کی جدوجہد پر روشنی

"جماعت اسلامی ہر سطح پر عوامی حقوق، نظریاتی تحفظ اور قومی مسائل کے حل کے لیے سرگرم ہے" , قدسیہ ناموس

0

اسلام آباد: حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کی ناظمہ قدسیہ ناموس نے کہا ہے کہ اگست کا مہینہ نہ صرف پاکستان کی آزادی کا مہینہ ہے بلکہ جماعت اسلامی کی تاسیس کا مہینہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جدوجہد میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے، چاہے وہ بلوچستان کی محرومیوں کی بات ہو، خیبر پختونخوا میں امن و امان کا مسئلہ ہو یا پھر فلسطین کے مظلوم عوام کے حق میں آواز بلند کرنا ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی اور اسلام آباد کی خواتین صحافیوں سے خصوصی نشست میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی معاشرے کے ہر طبقے میں گراس روٹ سطح پر فعال کردار ادا کر رہی ہے اور میڈیا کارکنوں کا فرض ہے کہ وہ اس جدوجہد کا ساتھ دیں۔

اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی بلقیس سیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے عوام کو بنیادی سہولیات جیسے تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے، جسے پورا کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے آل پارٹیز کانفرنس بلانے اور قومی اتفاقِ رائے سے مسائل کا حل نکالنے پر زور دیا۔

بلقیس سیف نے کہا کہ یہ ملک بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے، اور جب تک قرآن و سنت کے نظام کو نافذ نہیں کیا جاتا، ملک کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

نشست کے دوران جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کی تعارفی ڈاکومنٹریز بھی پیش کی گئیں۔ اس موقع پر خواتین صحافیوں نے جماعت اسلامی کی کوششوں کو سراہا۔

تقریب میں نائب ناظمہ عطیہ طیب، نگران میڈیا سیل سعدیہ سیف، نگران نشر و اشاعت اسلام آباد ساجدہ ابصار، اور مدیحہ رحمان (نگران نشر و اشاعت راولپنڈی) نے بھی شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.